اسلام آباد(این این آئی)انٹرنیشنل فٹ سال کپ ٹورنامنٹ سے ملک میں فٹ سال کے کھلاڑیوں اور کھیل کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔یہ بات پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے سیکرٹری عدنان سمیع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ وفاقی دارالحکومت میں کھیلے گئے انٹرنیشنل فٹ سال کپ ٹورنامنٹ میں برازیل کی ٹیم نے شرکت کرکے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں بلکہ عوام کو حیران کر دیا ہے۔
اس سے ثابت ہوگیا ہے پاکستان عوام غیرملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرنے والی قوم ہے، انہوں نے کہاکہ اس وقت فٹ سال کے کھیل کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان میں چار مختلف مقامات پر تربیتی کوچنگ کورس کا اہتمام کیا گیا جس میں اسلام آباد، گلگت، پشاور اور کوئٹہ شامل تھے انہوں نیکہا اس کورس میں ہر مقامات پر کھلاڑیوں اور کوچزنے بھرپور شرکت کی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک فٹ سال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ سہولیات فراہم کی جائیں تو کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن سکتے ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں عدنان سمیع نے کہا کہ اس کھیل کو مزید مقبول بنانے کے سکولز اور کالجز کی سطح پر ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیمی ادارے کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ کھیلوں کی اصل نرسری سکولوں اور کالجوں میں ہوتی ہے جس کو بروئے کار لانے کے لئے حکومت کوئی ٹھوس اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ سال فیڈریشن ملک میں خواتین کی قومی فٹ سال چمپئن شپ منعقد کروانے کی منصوبہ بندی بنا رہی ہے جس کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائیگا ۔