کولمبو(آئی این پی) سری لنکن چیف سلیکٹر گریم لبروئے نے اپنے کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف لاہور میں ہونے والا ٹی20 میچ کھیلنے سے انکار کرنے والے کھلاڑیوں کو بقیہ میچوں کیلئے بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر
مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے اور یہ سری لنکا کا 2009 کے بعد پاکستانی سرزمین پر پہلا انٹرنیشنل میچ ہو گا۔میچ کے پاکستان میں انعقاد کے بعد سری لنکن کپتان اپل تھارنگا نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جبکہ رپورٹس کے مطابق تجربہ کار کرکٹرز دنیش چندیمل اور لاستھ ملنگا سمیت چند دیگر کرکٹرز بھی پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں۔کھلاڑیوں کے انکار کو دیکھتے ہوئے سری لنکن چیف سلیکٹرز نے سخت موقف اپناتے ہوئے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان نہ آنے والے کھلاڑیوں کو بقیہ سیریز کیلئے بھی منتخب نہیں کیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں سری لنکن چیف سلیکٹر گریم لبروئے نے کہا کہ بورڈ کھلاڑیوں کو قائل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی جو کھلاڑی نہیں مانیں گے وہ گرین شرٹس کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو کھلاڑی
پاکستان جانے پر رضامند ہوں گے صرف انہیں ہی پوری سیریز کیلئے منتخب کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ سلیکٹرز کا نہیں بلکہ سری لنکن بورڈ اور وزارت کھیل کا بھی ہے اور اگر بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا تو اس صورت میں انہیں گرین شرٹس کے خلاف سیریز کیلئے نئے کپتان کا
تقرر کرنا ہو گا کیونکہ موجودہ کپتان اپل تھرنگا پہلے ہی لاہور میں کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں۔گریم لبروئے نے کہا کہ جمعے تک صورتحال واضح ہو جائے گی کہ کون کون کھلاڑی لاہور کھیلنے پر آمادہ ہیں جس کے بعد ہم اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔