اسلام آباد(آئی این پی)بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم بھیجنے کی یقین دہانی کرادی، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا رخ کریں گے۔پاکستان میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی امیدیں روشن ہونے لگی ہیں۔ چھوٹے پیمانے پر مختلف سائیڈز کی آمد کا سلسلہ جلد ہی شروع ہونے کی توقع ہے۔اس سلسلے میں سب سے بڑی خبر ایک ورلڈ الیون کا دورہ ہے جس میں سابق نہیں بلکہ موجودہ کرکٹرز شامل ہوں گے، اس بات کا انکشاف پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کیا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’’ پاکستان ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے کامن ویلتھ کے بجائے ورلڈ الیون پاکستان لانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس میں سابق نہیں بلکہ موجودہ کرکٹرز شامل ہوں گے۔شہریار خان نے کہا کہ ’’ آئرلینڈ، افغانستان اور نیپال نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے اپنی ٹیمیں بھیجنے کا یقین دلایا ہے۔ بنگلہ دیش کی ویمنز ٹیم نے دو برس قبل پاکستان کا دورہ کیا تھا اب بنگلہ دیش کی ایک اکیڈمی ٹیم بھی پاکستان آئے گی، پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل دیکھنے کے لئے آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر اور چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کو بھی دعوت دے دی ہے‘‘۔