ممبئی (نیوزڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو ڈنکن فلیچر کی جگہ ٹیم کا نیا کوچ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، لٹل ماسٹرآئی پی ایل ایٹ ختم ہونے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ بھارتی بورڈ کے اس فیصلے کے ساتھ ہی تمام تر قیاس آرائیوں کا سلسلہ بھی ختم ہوا کہ ڈنکن فلیچر کی جگہ کون لے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں سچن ٹنڈولکر کو بھارتی ٹیم کا نیا کوچ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ ٹنڈولکر سے زیادہ کوئی دوسرا فرد بھارتی کرکٹ ٹیم کو نہیں جانتا اور اس ذمہ داری کیلئے ان کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ سچن ٹنڈولکر کو 3 سال کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور وہ گزشتہ روز شروع ہونیوالی آئی پی ایل کے بعد ڈنکن فلیچر کی جگہ لیں گے۔ ٹنڈولکر کو ٹیم کا کوچ بنانے کے حوالے سے بھارتی ٹیم کے قائد دھونی اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے اہم کردار ادا کیا۔ بی سی سی آئی کے صدر جگ موہن ڈالمیا نے کہا کہ ٹنڈولکر کے تجربے سے کھلاڑی بہت کچھ سیکھیں گے۔