حضرت قتادہؓ فرماتے ہیں کہ (صحابہؓ میں سے) سب سے پہلے اللہ کے لیے جس نے اپنے اہل و عیال کے ساتھ ہجرت کی وہ حضرت عثمانؓ ہیں۔ میں نے حضرت نر بن انس اور انہوں نے حضرت انسؓ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ حضرت عثمانؓ ہجرت کرکے حبشہ چلے گئے اور ان کے ساتھ ان کی بیوی حضرت رقیہؓ حضورؐ کی صاحبزادی بھی تھیں۔ حضورؐ کے پاس ان دونوں کی خیر خبر آنے میں دیر ہوگئی۔ پھر قریش کی ایک عورت آئی اور اس نے
کہا اے محمدؐ! میں نے تمہارے داماد کو دیکھا تھا اور ان کے ساتھ ان کی بیوی بھی تھیں۔ آپؐ نے فرمایا تم نے ان دونوں کو کس حال میں دیکھا؟ اس عورت نے کہا میں نے ان کو دیکھا کہ انہوں نے اپنی بیوی کو ایک کمزور سے گدھے پرسوار کر رکھاتھا اور خود اس کو پیچھے سے ہانک رہے تھے۔حضورؐ نے فرمایا اللہ تعالیٰ ان دونوں کے ساتھ رہے۔ (حضرت عثمانؓ حضرت لوطؑ کے بعد پہلے شخص ہیں جنہوں نے اپنے اہل وعیال کے ساتھ ہجرت کی ہے)۔