حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے شام کی جانب لشکر روانہ کئے اور ان پر یزید بن بی سفیان، عمرو بن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شرجیل بن حسنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کو امیر مقرر کیا۔ جب یہ لوگ روانہ ہونے لگے تو حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کو الوداعی نصیحتیں کرنے لگے اور جب وہ اپنی
سواریوں پر سوار ہوئے تو حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان امراء لشکر کے ساتھ پیادہ پا چلتے رہے اور ان کو رخصت فرمانے لگے حتیٰ کہ ثنیۃ الوداع (مقام) تک پہنچ گئے۔ لشکر کے امراء کہنے لگے۔ اے خلیفہ رسولﷺ! آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پیدل چل رہے ہیں اور ہم سواریوں پر سوار ہیں؟ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ میں چاہتا ہوں کہ میرے یہ قدم اللہ کی راہ میں نیکی میں شمار ہوں۔