لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کی ڈیڑھ سوسالہ عدالتی تاریخ کی وجہ سے وہاں کئی قدیم چیزیں بھی دیکھنے کو ملتی ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میں بھی قیام پاکستان سے پہلے کا ایک ایسا ہی پرانا لاکرپڑا ہے جو عجائب گھر جاتے جاتے یہیں رہ گیا۔ سما نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں موجود اس ڈیڑھ سو سال پرانے
لاکرکوعجائب گھر کی زینت بنایا جا رہا تھا مگرعین وقت پرایک اور قدیم لاکر مل جانے کے باعث حکام نے اسے یونہی چھوڑ دیا۔ اب یہ قدیم ترین لاکر ہائیکورٹ کی راہدری کے باہر کھلے آسمان تلے پڑا ہے ۔موسم کی سختیوں نے قدیم لاکر کا رنگ و روغن تو خراب کیا ہے لیکن اس کی مضبوطی اب بھی قائم ہے۔قیام پاکستان سے پہلے کا یہ لاکر سینئر سول جج کی عدالت سے لاہور ہائی کورٹ لایا گیا تھا۔لاکر کے دروازے پر ’’رچرڈسن اینڈ کروداس‘‘ کے الفاظ آج بھی موجود ہیں ۔لاہور ہائیکورٹ کے ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے پر میوزیم تو بنا دیا گیا لیکن اب بھی اس میں چیزیں رکھے جانے کی منتظر ہیں۔