اسلام آباد (این این آئی)سابق کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض علی چشتی نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن چاہتا ہے ہم آپس میں لڑیں، ہم نے آج تک اپنے دشمن کو نہیں پہچانا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو قوم دشمن کو نہیں پہچانتی وہ تباہ ہوجاتی ہے، پاکستان 25 سال بعد ٹوٹا اور توڑا بھی ہمارے اپنوں نے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلمانوں کیلئے بنایا گیا ہے تاکہ مسلمان سکون سے رہیں،
ہم نے یہ ملک اسلامی طریقے سے زندگی گزارنے کیلئے بنایا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض علی چشتی نے کہا کہ پاکستان کے پاس کچھ نہیں تھا، آج دیکھو پاکستان کتنا بڑا زرعی ملک ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں نے محنت کی، موجودہ پاکستان ہماری محنت کا نتیجہ ہے لیکن حالیہ صورتحال کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بننا ہندوستان کو شروع دن سے اچھا نہیں لگا، ہم نے 1965 میں ہندوستان کے زعم کو توڑا۔