لندن(این این آئی)برطانیہ نے قانونی وکیل عبدہ شریف اوبی کی یمن میں برطانیہ کے نئے سفیر کے طور پر تقرری کا اعلان کردیا۔ وہ رچرڈ اوپین ہائیم کی جگہ کام کریں گی۔ اوپین ہائیم کسی اور سفارتی عہدہ پر کام کریں گے۔ عبدہ شریف اوبی ستمبر میں اپنا کام شروع کریں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تعینات خاتون سفارت کار نے 20 سال قبل یمن کے لیے برطانوی دفتر خارجہ میں بطور سفیر کام کیا ہے جہاں وہ کئی عہدوں پر فائز رہی ہیں۔
وہ حال ہی میں عہدہ عراق اور جزیرہ نما عرب کے محکمے اور مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ رہی ہیں۔انہوں نے بیروت میں برطانیہ کی نائب سفیر اور کونسل آف یورپ میں لندن مشن اور بن غازی لیبیا میں برطانوی دفتر کی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔عبدہ شریف لندن میں ایک پاکستانی مسلم تارک وطن گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 2001 میں ایک پرائیویٹ آفس میں وکیل کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ پھر 2003 میں انہوں نے برطانوی دفتر خارجہ میں بطور قانونی ڈائریکٹر جوائن کیا۔3 سال کے دوران عبدہ شریف نے قانونی سفارت کاری کی مہارت حاصل کی اور 2006 میں انہیں بغداد میں برطانوی سفارت خانے میں قانونی مشیر اور محکمہ انصاف اور انسانی حقوق کی سربراہ کے طور پر تعینات کیا گیا۔ وہ دو سال تک اس عہدے پر فائز رہیں۔2009 سے لیکر 2011 تک وہ کونسل آف یورپ میں یو کے مشن کی نائب سفیر رہیں۔ 2011 میں وہ بن غازی لیبیا میں یو کے آفس کی سربراہ مقرر ہوئیں۔
2012 میں وہ بیروت میں نائب برطانوی سفیر کے عہدے پر تعینات ہوئیں۔ اور 2016 تک اس عہدے پر رہیں۔ اس سال وہ برطانوی دفتر خارجہ میں قانون کی حکمرانی کے لیے حکمت عملی کے شعبے کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر تعینات ہونے کے لیے لندن واپس آئیں۔ وہ صرف ایک سال تک اس عہدے پر فائز رہیں۔ پھر کیبنٹ آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر ہوئیں۔ اس عہدہ پر وہ 2019 تک برقرار رہیں۔2019 سے لیکر 2022 تک وہ برٹش فارن آفس کے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ڈائریکٹوریٹ کے عراق اور جزیرہ نما عرب کی سربراہ کے طور پر کام کرتی رہیں۔
اب جون 2023 میں انہیں یمن میں برطانیہ کی سفیر مقرر کردیا گیا۔یمن کے لیے سابق برطانوی سفیر رچرڈ اوپن ہائیم نے نئے خاتون سفیر کی تقرری کا خیرمقدم کیا اور ان کی تقرری کا اعلان ہونے کے بعد اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ خوش آمدید، عبدہ شریف کو بطور سفیر تعینات ہونے پر مبارکباد۔ ان کا کام ستمبر میں شروع ہو رہا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ وہ بہت اچھا کام کریں گی۔