کراچی(این این آئی)پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو اور اللہ بخش انڑ نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق امیر بخش بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، فوج پر حملے دہشت گردی ہے میں نے پارٹی کے لوگوں کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اب سیاست نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ نیشنل فرنٹ پی ٹی آئی میں ضم کی تو کچھ شرائط رکھی تھیں جس کے وعدے کیے گئے تھے لیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا۔دوسری جانب اللہ بخش انڑ نے الزام عائد کیا کہ عمران اسماعیل نے سینیٹ سیٹ کے لیے 40 کروڑ روپے لیے۔انہوں نے کہا کہ سیف اللہ ابڑو سے عمران اسماعیل نے 45 کروڑ مانگے تھے، تحریک انصاف سندھ ہمیشہ ٹھیکیداروں کے زیر اثر رہی ہے۔اللہ بخش انڑ نے کہا کہ 9 مئی کا منصوبہ بھارت کا منصوبہ تھا، پاک فوج اور عوام کو بھارتی سازش کے تحت لڑانے کی سازش کی گئی۔