اسلام آباد(این این آئی)پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ملکی امور میں مداخلت پر امریکا، برطانیہ اور بھارتی حکومتوں کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نورعالم خان کے زیرصدارت اجلاس ہواجس میں نور عالم خان نے کہاکہ امریکا، برطانیہ اور بھارت کے سفرا کو خط لکھ کر ملکی اندرونی مداخلت سے روکا جائے۔چیئرمین پی اے سی نے وزارت خارجہ حکام کو خط لکھنے کی ہدایات دیں۔
نور عالم خان نے کہاکہ یو ایس، انگلینڈ اور انڈین آفیشلز کی جانب سے ملکی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں، کانگریس کے لوگ پاکستان کے اندرونی ایشوز پر کس حیثیت سے مداخلت کرتے ہیں، ریاست پاکستان اور اداروں کے خلاف بیرون ملک سے پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ اقوام متحدہ کے لیٹر آف چارٹر کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، وزارت خارجہ حکام نے ان ممالک کو ملکی معاملات میں مداخلت سے روکنے کیلئے کیا اقدام کیے؟۔پی اے سی نے وزارت خارجہ حکام کو ان ممالک کو خط لکھ کر کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ پی اے سی نے انڈس واٹر معاہدے پر حکام کے جواب کی کاپی بھی مانگ لی۔