ممبئی (این این آئی)معروف بھارتی گلوکارہ اور اداکارہ سلکشنا پنڈت طویل علالت کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ گلوکارہ اور اداکارہ سلکشنا پنڈت کی عمر 71 برس تھی۔ ان کے بھائی اور موسیقار للت پنڈت کے مطابق وہ ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں شام 8 بجے دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔ ان کی آخری رسومات 7 نومبر کی دوپہر ادا کی جائیں گی۔سلکشنا بھارت کے ایک موسیقی سے تعلق رکھنے والے گھرانے، میواتی گھرانے، سے تعلق رکھتی تھیں۔
وہ مشہور کلاسیکی گلوکار پنڈت جسراج کی بھتیجی تھیں، جبکہ ان کے دونوں بھائی جتن اور للت پنڈت فلمی دنیا میں معروف موسیقار جوڑی کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔1970اور 1980 کی دہائی کے سنہری دور میں سلکشنا نے محمد رفیع، کشور کمار اور مکیش جیسے عظیم گلوکاروں کے ساتھ متعدد گیت گائے، جو فلمی موسیقی کے کلاسک سمجھے جاتے ہیں۔انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیت منوائی اور الجھن، خاندان، اپناپن اور وقت کی دیوار جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ذاتی زندگی میں سلکشنا کو کافی دکھوں کا سامنا رہا۔ سنجیو کمار سے یکطرفہ محبت اور تنہا زندگی کے بعد کے انہیں برسوں تک صحت کے مسائل اور مالی مشکلات کا بھی سامنا رہا۔















































