لندن ( این این آئی) گولفر ٹائیگر ووڈز کے لمبے عرصے کے لیے گولف کے مقابلوں سے دور ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائیگر ووڈز کا مستقبل سرجری کے بعد شدید خدشات کا شکار ہو گیا ہے، ان کے دائیں ٹخنے میں سرجری ہوئی ہے۔سرجری کے حوالے سے ٹائیگر ووڈز کے سوشل میڈیا اکائونٹ سے پیغام دیا گیا ہے۔آپریشن کی وجہ سے سابق نمبر ون امریکی گولفر لمبے عرصے تک گولف نہیں کھیل سکیں گے۔یو ایس ماسٹرز میں ٹائیگر ووڈز کی کارکردگی اوسط سے بھی کم درجے کی رہی، وہ تیسرے رانڈ کے آغاز سے قبل دستبردار ہو گئے تھے۔ٹائیگر ووڈز کے ایجنٹ نے کہا کہ ٹائیگر ووڈز ان دنوں آرام کر رہے ہیں اور جلد ریکوری کا عمل شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر ووڈز کی واپسی کب ہو گی اس کا وقت نہیں دیا جا سکتا۔واضح رہے کہ ٹائیگر ووڈز فروری 2021 میں شدید کار حادثے کا شکار ہوئے تھے، ان کی ہڈیاں کئی جگہ سے ٹوٹ گئی تھیں اور متعدد سرجری سے گزرنا پڑا۔