لاہور ( این این آئی) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے راجن پور میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے،دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، اسلحہ، ڈیٹونیٹر، پرائما کورڈ برآمد ہوا ۔ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشت گردوں میں الیاس اور عرفان اللہ شامل ہیں، جو خفیہ ادارے پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ٹی ڈی ٹیم راجن پور کو ایک مصدقہ ذریعے سے اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی (جماعت الاحرار)کے 5دہشت گرد راجن پور میں حساس ادارے پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جو کہ تھانہ روجھان کی حدود میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے پاس دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ ہے۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی لیکن دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیموں پر براہ راست فائرنگ کر دی۔ دہشت گردوں اپنے آپ کو 2گروہوں میں تقسیم کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔جبکہ 3دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت الیاس عرف عبداللہ ولد طور خان ذات ملیزئی، باشندہ مردان جب کہ دوسرے کی شناخت عرفان اللہ عرف قاری عبداللہ ولد جعفر ذات شیری خیل رہائشی تحصیل پنڈیالی ضلع،مہمند ایجنسی کے طور پر ہوئی، جنہیں ان کے ساتھی دہشت گردوں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا اور باقی 3 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دہشت گردوں سے کلاشنکوف، میگزین، 31رائونڈز، 30بور بندوقیں، 20رائونڈز، دھماکا خیز مواد، پرائما کورڈ، غیر الیکٹرک ڈیٹونیٹر، ٹیپ حل برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر بلایا گیا۔ دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے حوالے سے اہم لیڈز اور انکشافات متوقع ہیں۔