لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 121سے متحرک اور سینئر رہنمائوں نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور کارکنوں نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات
جمشید اقبال چیمہ سے ملاقات کر کے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا ۔اس سلسلہ میں یونین کونسل185میں افطار پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ جمشید اقبال چیمہ کی جانب سے شمولیت اختیار کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رانا برادران ، متحرک اور سینئر رہنمائوں اور کارکنان کو پی ٹی آئی کے مفلر پہنائے گئے اور پارٹی میں خوش آمدید کہا گیا ۔ اس موقع پر چوہدری نیئر ،شاہدطاہر ،الطاف شاہد گجر،حاجی ستارگجر،چوہدری بلال بچاڑ،شیخ فیصل ،عمیر بھٹی ،طلحہ گجر،ملک عابد،اخترگجرسراء ، عطا محمد،سید عباس شاہ اور حاجی غلام رسول سمیت کثیر تعداد میں رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تیرہ کے ٹولے کی سیاست کا محور صرف اپنی کرپشن اور چوری بچانا ہے جبکہ واحد عمران خان ایسا لیڈر ہے جو عوام کو ان کے حقوق دلانے اور ملک کو آئین و قانون کے راستے پر چلانے کیلئے لازوال جدوجہد کر رہا ہے ۔انہوں نے شمولیت اختیار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے آنے سے تحریک انصاف مزید مضبوط ہو گی ، ہم سب نے عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی۔