اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزرات داخلہ نے نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کو وی وی آئی پی سیکورٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 11 سے 26 اپریل تک پاکستان کے دورے پر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹیم کو اسٹیٹ لیول سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب ایڈیشنل کمشنر اسلام آباد نے آئی جی اسلام آباد،کمشنر راولپنڈی سمیت متعلقہ افسران کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔ایڈیشنل کمشنر نے جڑواں شہروں کے افسران کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے اور انتظامیہ اور پولیس کو قانون نافذ کرنے والوں اداروں سے مل کر سکیورٹی پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔ایڈیشنل کمشنر نے ہدایت کی کہ سکیورٹی پلان کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر کمشنر آفس اور وزارت داخلہ کو دی جائے، اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد کے افسران شریک ہو کر سکیورٹی پلان مرتب کریں گے۔