توشہ خانہ کیس، عمران خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
اسلام آ باد(پی پی آ ئی) اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت میں ان کے وکیل کی جانب سے دائر کردہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی ہے اور سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور حکومت نے ان کی سکیورٹی بھی واپس لے لی ہے جس کے بارے میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ رپورٹ طلب کر چکے ہیں۔سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان سیشن عدالت میں موجود نہیں اور وہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی پیش ہو سکتے ہیں۔جج نےریمارکس میں کہا کہ توشہ کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل لمبے ہوں گے،اتنا عرصہ گزر چکا ہے،ابھی تک کیس آگے نہیں بڑھا۔جج ظفراقبال نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔