اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے اراکین پارلیمنٹ اور سیاسی کارکنوں پر تشدد کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کر لیا اس ضمن میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر کے پارلیمانی و انسانی حقوق کے فورمز کو خطوط لکھ دیے۔اسد قیصر کی جانب سے یورپی یونین ، آئی پی یو،امریکی ایوان نمائندگان،
ہائوس آف لارڈز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو خطوط ارسال کیے گئے۔خطوط میں عمران خان، اراکین پارلیمنٹ اور کارکنان پر تشدد کا نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔مراسلے میں لکھا گیا کہ بطور سابق اسپیکر پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں علم میں لانا چاہ رہا ہوں، پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔خیبرپختونخوا اور پنجاب میں نگراں حکومتوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں، عمران خان کو سیاست سے نکالنے کے لیے جھوٹے فوجداری مقدمات درج کیے گئے۔اسد قیصر نے مراسلے میں لکھا کہ پی ٹی آئی پر غیر آئینی طور پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی طور پر 2 صوبوں میں انتخابات ملتوی کیے، پاکستانی عوام کی سیاسی نسل کشی اور جمہوریت کی تباہی کو روکنے میں کردار ادا کریں۔مراسلے میں لکھا گیا کہ وزیراعظم کی بھتیجی مریم نواز نے سیاسی ورکرز کو تعصب اور نسل پرستانہ قرار دیا، سابق وزیراعظم کے گھر پر متعدد حملے اور کارکنان پر تشدد کیا گیا۔اسد قیصر کے مراسلے میں لکھا گیا کہ صحافی ارشد شریف کو قتل کیا گیا، ان کی والدہ کو انصاف نہیں ملا، پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کو پنجاب پولیس نے حراست کے دوران تشدد سے قتل کیا، پی ڈی ایم اعلیٰ عدلیہ پر جعلی آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے بلیک میلنگ حملے کرچکی ہے۔