کراچی(این این آئی) اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے یوسف پلازہ تھانے پر چھاپہ مار کر مغوی کو بازیاب کرلیا جبکہ مبینہ طور پر اغوا ء برائے تاوان میں ملوث تھایندار روپوش ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس ذرائع نے بتایاکہ ایس ایچ او یوسف پلازہ سب انسپکٹر عمران محمود کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں
اور اس کا نام مقدمہ میں بھی شامل کیا جائے گا، مغوی ضیا الحق یوسف پلازہ تھانے سے بازیاب ہوا ہے اور اس کی تمام ذمہ داری ایس ایچ او پرعائد ہوتی ہے۔تفصیلات کے مطابق مغوی ضیاالحق کو 6فروری 5/6افراد نے گھر سے اغواء کیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق مغوی کو چھوڑنے کیلئے50لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔مدعی مقدمہ رحیم اللہ نے ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھائی کی پرچون کی دکان ہے اور اسے گھر سے لیجانے کے بعد یوسف پلازہ تھانے میں رکھا گیا تھا جبکہ گھر پر آنے والے 6افراد میں سے 3پولیس کی وردی میں جبکہ دیگر 3افراد سادہ لباس میں ملبوس تھے۔انہوں نے بتایا کہ میرے مغوی بھائی کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ متعدد ایسے افراد بھی وہاں پر موجود تھے جنھیں پولیس نے مبینہ طور تاوان کی وصولی کیلئے اغواء کر کے رکھا ہوا تھا اور متعدد کو پیسے وصول کر کے چھوڑ دیا گیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایاکہ پولیس نے حاجی عبدالطیف افغانی کو حراست میں لیا ہوا ہے جبکہ پیسوں کی وصولی کیلئے آنے والا عبدالہادی افغانی پیسے وصولی کے لیے فون کر رہا تھا اور اس نے یوسف پلازہ تھانے کے قریب پیسے لیکر آنے کو کہا تھا تاہم جب اے وی سی سی پولیس نے اس کے فون کی لوکیشن چیک کی تو وہ یوسف پلازہ تھانے کی آئی تاہم وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ اے وی سی سی پولیس نے یوسف پلازہ تھانے میں چھاپہ مار کر میرے مغوی بھائی کو بازیاب کرالیا۔