وزیرآباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب قوم مقروض ہے کیا ایسے میں 85وزیر چاہئیں، اس بار عوام کی نہیں شہباز شریف کی قربانی چاہئے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اللہ والا چوک کے قریب خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری حکومت آئے گی تو یہ وزیروں کی فوج ظفر موج نہیں ہو گی،
ہمارے ججوں کے پاس انگریزوں کی کتاب نہیں قرآن مجید ہو گا، ہم نوجوانوں کو بے روزگاری الاؤنس دیں گے، پروٹوکول کلچر ختم کریں گے سودی حکومت ختم ہو گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ملک کی معاشی ابتری کے ذمہ دار ہیں، اللہ نہیں چاہتا اس کا بندہ کفار کے آگے ہاتھ پھیلائے،آج 23کروڑ عوام کا پاکستان ہے، ان کی قسمت کے فیصلے اسلام آباد نہیں واشنگٹن میں ہوتے ہیں، گندم یہاں کی، چاول، آلو، ٹماٹر یہاں کا لیکن اس کی قیمت کا فیصلہ یہاں نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ حکمران آنیاں جانیاں کرتے ہیں، یہ چابی پر چلتے ہیں، چابی دینے والا امریکہ ہے، اتنا زیادہ قرضہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے چڑھ چکا ہے، عوام پر قرضہ چڑھتا چلا جا رہا ہے صرف ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے۔ یہاں 80ملین ایکڑ زمین ہے اس کے باوجود چاول، دال، آٹا کی قیمتیں آسمان سے بات کر رہی ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کے کتے، بلیوں کے لئے خوراک فرانس سے آتی ہے، عوام کے بچے بھوکے سوتے ہیں، عوام بچوں کو کھلائیں گے یا پڑھائیں گے؟ یہ مہنگائی اور بیروزگاری ان کی وجہ سے ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ انہوں نے آپ کے ملک کو دو لخت کیا ہے بیروزگاری ان کی وجہ سے آئی ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی صرف کرسی لئے ہے، یہ اپنی پراپرٹیز میں اضافہ کرتے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے اداروں، بینکوں کو یرغمال بنایا، امریکہ کی یہ غلامی کرتے ہیں، اپنے گلے بچائیے اس بار عوام کو قربانی نہیں دینی چاہئے، ہم آئی ایم ایف کی غلامی نہیں مانتے۔