ٹوکیو(این این آئی)جاپانی سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ برفانی جھیلوں کے ممکنہ طور پرپھٹنے سے آ نے والے سیلاب سے دنیا بھر میں ڈیڑھ کروڑ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔ جاپانی میڈیا کے مطابق جاپانی سائنسدانوں کی ٹیم نے ایک تجزیاتی رپورٹ میں بتایا ہے کہ برفانی جھیلیں گلیشیروں کے پگھلنے سے بنتی ہیں
اور بڑھتے اوسط درجہ حرارت کے سبب ان جھیلوں میں پانی کی مقدار بڑھنے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھیلوں کا پانی بند توڑ کر پوری شدت سے پہاڑی وادیوں میں بہہ نکلنے کی صورت میں ان جھیلوں کے نشیبی علاقوں میں واقع دیہاتوں کو سنگین نقصان پہنچ سکتا ہے۔تحقیقی ٹیم نے برفانی جھیلوں اور ان کے نشیبی علاقوں میں موجود آبادی کی 2020کی صورت حال کا جائزہ لیکر انتہائی خطرے والے علاقہ جات اور آبادی کے حجم کی نشاندہی کی۔انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں اس طرح کے خطرے کا شکار آبادی کا نصف سے زائد بھارت، پاکستان، پیرو اور چین میں بستا ہے۔انہوں نے خاص طور سے آندس پہاڑی خطے سے متعلق تشویش ظاہر کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ زیادہ خطرات کا حامل ہونے کے باوجود اس خطے کے بارے میں نسبتاً کم تحقیقی مواد شائع ہوا ہے۔ جاپانی سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ برفانی جھیلوں کے ممکنہ طور پرپھٹنے سے آ نے والے سیلاب سے دنیا بھر میں ڈیڑھ کروڑ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔