کراچی (این این آئی) کراچی کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں دانیا شاہ پر فرد جرم عائد کردی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی مکیش کمار کی عدالت میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کا کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے دانیا شاہ پر فرد جرم عائد کردی۔
ملزمہ دانیا شاہ نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ ملزمہ کے صحت جرم سے انکار پر آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ملزمہ سے استفسار کیا کہ آپ کا اور آپ کے والد کا نام کیا ہے؟ ملزمہ نے بتایا کہ میرا نام دانیا شاہ والد کا نام مختیار ملک ہے۔ عدالت نے فرد جرم پڑھتے ہوئے کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ 2022 سے پہلے اور بعد میں آپ نے ڈاکٹر عامر کی ویڈیو بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔ دانیا نے کہا کہ یہ میرے خلاف سازش ہے، یہ اس لئے کیا جا رہا ہے کہ میں ڈاکٹر عامر کا پوسٹ مارٹم کرانا چاہتی تھی۔ عدالت نے کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے ڈاکٹر عامر کی ویڈیوز ان کی اجازت کے بنا بنائیں۔ ملزمہ نے کہا کہ یہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں، ایسا کچھ نہیں ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں دانیا شاہ پر فرد جرم عائد کردی ہے۔