اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے مزید 43 اراکین کے استعفوں کا معاملہ پی ٹی آئی نے خود ہی بگاڑ دیا جبکہ قومی اسمبلی کے ذرائع نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفوں کی واپسی کی درخواستیں استعفے منظور کئے جانے کے بعد موصول ہوئیں ،
استعفے 20 جنوری کو منظور کئے گئے ،تحریک انصاف نے استعفوں کی واپسی کی درخواست 23 جنوری کو دی تھی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 43 اراکین کی اسمبلی میں واپسی کا معاملہ پی ٹی آئی کی تاخیر نے بگاڑ دیا۔ قومی اسمبلی کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی واپسی کے لئے درخواست دینے میں تاخیر کی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ان 43 اراکین کے استعفوں کی منظوری 20 جنوری کو اسی روز دے دی تھی جب پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر اور فواد چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں استعفوں کی منظوری کا مطالبہ کیا تھا ۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے اسی روز دیگر 43 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن ڈی نوٹیفائی کرنے کیلئے بھجوا دئیے تھے ، قومی اسمبلی ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے استعفے واپس لینے کیلئے 23جنوری کو ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے دی گئیں درخواستیں خلاف ضابطہ تھیں۔