اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 26 دسمبر سے شروع ہو رہے پہلے ٹیسٹ کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے ٹکٹ کی فروخت کل 24 دسمبر سے
شروع ہوچکی ہے۔ٹوئنٹی فور نیوز کے مطابق کراچی ٹیسٹ کیلئے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 150 اور زیادہ سے 500 روپے رکھی گئی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کا جنرل ٹکٹ 150، فرسٹ کلاس 250، پریمیئم 300 اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 500 روپے رکھی گئی ہے۔قبل ازیں پاکستان میں ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کراچی کے ہوٹل میں ملنے والی سہولتوں کے بارے میں خود ہی بتا دیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کراچی میں کھلاڑیوں کے ہوٹل کے کمرے کے اندر کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں مہمان کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کراچی میں کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولتوں سے بہت خوش اور مطمئن ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج رات کرسمس ڈنر بھی کیا جائے گا، یہ ہوٹل بہت ہی شاندار ہے۔نیوزی لینڈ کے کوچ نے کہا کہ یہاں کھانوں کی بہت اقسام موجود ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے کراچی میں شروع ہو گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ اور3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کراچی منتقل کر دیا گیا اور اس کی تاریخ بھی تبدیل کر دی گئی ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ دونوں بورڈز کی مشاورت کے بعد ملتان سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی تاریخ میں بھی رد و بدل کر دی گئی ہے۔
پاکستان اور نیوزی کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اب 3 کی بجائے 2 جنوری 2023 سے کراچی میں شروع ہو گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان میں کھیلا جانا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے میچ ملتان سے کراچی شفٹ کیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے میچز بھی ری شیڈول کر دیے گئے ہیں، ون ڈے میچز اب 9 ، 11 اور 13 جنوری 2023 کو کراچی میں ہوں گے، اس سے قبل ون ڈے میچز 10 ، 12 اور 14 جنوری کو ہونا تھے۔