جدہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن)یوتھ کے مرکزی صدرکیپٹن(ر)صفدرنے کہاہے کہ نوازشریف موجودہ ملکی حالات سے پریشان اور جلدوطن واپسی کیلئے بے چین ہیں ،مسلم لیگ (ن)ان کی قیادت میں متحداور مضبوط ہے اور آئندہ انتخابات میں بھرپورکامیابی حاصل کرے گی۔
کیپٹن(ر)صفدر مسلم لیگ(ن)سعودی عرب کے مرکزی سیکرٹری جنرل ملک منظور حسین اعوان کے دفترمیں پارٹی عہدیداروں وپارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔کیپٹن صفدر نے کہاکہ عمران خان نے اپنی نااہلی کے باعث پاکستان کے ہرشعبے کو تباہ کیا تاہم مسلم لیگ(ن)کی قیادت میں اتحادی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف موجودہ ملکی حالات خاص طور پر مہنگائی کے باعث پریشان ہیں ،وہ جلداز جلد ملک واپسی کیلئے بے چین ہیں لیکن اس سے سلسلے میں ڈاکٹرزکی اجازت ضروری ہے، جونہی انہیں ڈاکٹروں کی طرف سے سفرکی اجازت ملی وہ بلاتاخیرپاکستان واپس پہنچ جائیں گے تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔اس موقع پر ملک منظور حسین اعوان نے اپنے آفس آمد پر کیپٹن صفدرکا شکریہ ادا کیا جس پر کیپٹن صفدر نے ان کیلئے نیک تمنائوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔