اسلام آباد (این این آئی)گوگل نے ادائیگیوں کے تنازع پر پاکستانی صارفین کیلئے پلے اسٹور میں کیرئیر پیڈ ایپس کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)نے براہ راست ادائیگیوں کا نظام معطل کرنیکافیصلہ کیا تھا
جس کے باعث 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی رک گئی تھی۔اسی وجہ سے اب گوگل نے کیرئیر پیڈ ایپس کو پاکستان میں عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔وزارت آئی ٹی کی گوگل کی جانب سے کیرئیر پیڈ ایپس کو عارضی طور پر معطل کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ موبائل فون اکائونٹ سے پیڈ ایپ ڈاون لوڈ کرنے کا آپشن عارضی معطل ہوا ہے۔بیان کے مطابق گوگل پلے اسٹور پر ابھی صرف کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ایپ ڈائون لوڈ کرنے کا آپشن موجود ہے۔وزارت آئی ٹی کے حکام نے بتایا کہ وفاقی وزیر نے معاملہ جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور 2 ہفتوں تک یہ معاملہ حل ہوجائیگا،اس عرصے کے دوران پاکستانی صارفین صرف کریڈٹ کارڈ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے کے بعد ایپس کو ڈان لوڈ کرنے پر مجبور ہوں گے،البتہ گوگل پلے سے فری ایپس کو ڈان لوڈ کرنا ممکن ہوگا مگر پیڈ ایپس کو استعمال کرنے والے افراد کو مختلف سروسز کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔