اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارت کی معروف اداکارہ اور کاروباری شخصیت شلپا شیٹی نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں قائم اپنے مشہور ریسٹورنٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب شلپا شیٹی اور ان کے شوہر، بزنس مین راج کندرا، 60 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔شلپا شیٹی نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا:”یہ جمعرات ہمارے لیے ایک دور کے اختتام کا دن ہے، جب ہم ممبئی کے مشہور مقامات میں سے ایک ‘بستیاں باندرا’ کو الوداع کہہ رہے ہیں۔
اس جگہ نے ہمیں کئی خوبصورت یادیں اور یادگار لمحات دیے، جنہوں نے شہر کی نائٹ لائف کو ایک منفرد پہچان دی تھی۔”انہوں نے مزید بتایا کہ ریسٹورنٹ کی دیگر شاخیں اب بھی فعال رہیں گی۔خیال رہے کہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر ان دنوں لوٹس کیپٹل فنانشل سروسز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر دیپک کوٹھاری کی جانب سے دائر کردہ 60 کروڑ روپے کے مبینہ مالی فراڈ کے مقدمے میں الجھے ہوئے ہیں۔ تاہم ان کے وکیل پرشانت پاٹل نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔