لاہور ( آن لائن )وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اس لیے 75 سال میں پیچھے رہ گئے یہاں کرپٹ اور نالائق زیادہ ہیں،خطے کے تمام ممالک ہم سے آگے نکل گئے ،ہمارا صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ ہے سیاسی عدم استحکام، ہمارے ہاں پالیسیوں کا تسلسل نہیں رہا۔ل
اہور کی نجی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا تھا کہ خطے میں دیگر ممالک ہم سے آگے نکل گئے، بنگلا دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اس کی مثال ہیں، قوم اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اختلافِ رائے ضرور رکھیں لیکن نفرت نہ پالیں، اختلافِ رائے کو ہم نے نفرت میں بدل دیا ہے، معاشرے کو پولرائزڈ کر دیا ہے جبکہ اسے استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ معاشرے کو ڈی پولرائزڈ کرنا ہو گا، یہاں استحکام، برداشت، صبر اور ترقی کا سبق پروان چڑھانا ہو گا۔احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ سوچنا ہو گا کہ نفرت سے معاشرے نہیں چل سکتے، ہمیں اشد ضرورت ہے کہ ایک دوسرے پر تنقید میں احترام سامنے رکھیں۔ معاشی ماہرین، تاجروں، صنعت کاروں سے اپیل ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی طرف آئیں، ڈالر آئیں گے تو ملک چلے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اس نوجوان نسل کو اچھا مستقبل دینے کی طرف جانا ہو گا، ایک وقت تھا جب پاکستان اوپر جا رہا تھا، لیکن پھر بار بار اس راستے کو روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقی کو راستے میں روکا جبکہ بنگلا دیش اور بھارت نے ایسا نہیں کیا، اب بھی وقت ہے کہ سیاستدان مل بیٹھ کر دانش مندی سے پارلیمنٹ میں فیصلے کریں۔