لاہور ( این این آئی) ملک کے مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے لیفٹیننٹ جنرل سید حافظ عاصم منیر کو پاکستان کا چیف آف دی آرمی اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جوائنٹ چیف آف سٹاف مقرر کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے لیفٹیننٹ جنرل سید حافظ عاصم منیر کو پاکستان کا
چیف آف دی آرمی اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جوائنٹ چیف آف سٹاف مقرر کر کے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کی ہے ۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، پیر نقیب الرحمن ، پیر حسان حسیب الرحمن ،امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث مولانا سیدضیا اللہ شاہ بخاری ، امیر جمعیت علما اسلام مولانا حامد الحق حقانی ، سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ ، سیکرٹری جنرل متحدہ علما کونسل مولانا محمد خان لغاری ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسعد زکریا ، ڈاکٹر راغب نعیمی ، پروفیسر ابو بکر صدیق، شیعہ علما کونسل کے نائب صدر علامہ عارف واحدی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سید حافظ عاصم منیر حافظ قرآن ہیں ان کا سپہ سالار مقرر ہونا پاکستان کی فوج اور قوم کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے اور عالم اسلام میں پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے ۔ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ سپہ سالار قوم کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی طرف سے لیفٹیننٹ جنرل سید حافظ عاصم منیراور جوائنٹ چیف آف سٹاف کیلئے جنرل ساحر شمشاد کو مقرر کرنے کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں اور وزیر اعظم پاکستان کا ایک حافظ قرآن کو جنہوں نے حفظ ارض حرمین شریفین میں مکمل کیا سپہ سالار مقرر کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو وحدت اور اتحاد کی ضرورت ہے
اور پاکستانی قوم کے سپہ سالار کیلئے ایک حافظ قرآن اور سید کا متعین کیا جانا ملک و قوم اور امت مسلمہ کیلئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان شا اللہ نئے سپہ سالار اور جوائنٹ چیف کی تقرری سے پاکستان کا دفاع ، سلامتی اور استحکام مزید مضبوط اور مستحکم ہو گا۔پاکستانی قوم کا سپہ سالار پوری قوم کا سپہ سالار ہوتا ہے ۔