لاہور( این این آئی) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے مکمل کرکے اعدادوشمار جاری کر دئیے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر پنجاب میں سیلاب سے 55,452 گھر تباہ ہوئے
جن میں47,585 کچے اور 7867 پکے گھر تباہ ہوئے۔حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کو پکے گھر کے گرنے پر 04 لاکھ اور کچے گھر کے گرنے پر 02 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔پکے گھر کے جزوی نقصان پر 02 لاکھ اور کچے گھر کے جزوی نقصان پر 50000 ہزار کی مالی امداد دی جائے گی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے مجموعی طور پر 652 جانور ہلاک ہوئے۔494 چھوٹے اور 158 بڑے جانوروں کی ہلاکت ہوئی۔بڑے جانور کی ہلاکت پر 75000 ہزار روپے اور چھوٹے جانور کی ہلاکت پر 5000 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔اعدادوشمار کے مطابق سیلاب سے چار لاکھ تیس ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔حکومت سیلاب متاثرین کو فی ایکڑ 05 ہزار روپے مالی امداد بھی فراہم کرے گی،مالی امداد پانچ ایکڑ رقبے تک دی جائے گی۔سیلاب سے 81 افراد کی اموات ہوئیں۔حکومت پنجاب سیلاب سے وفات پانے والے افراد کے لواحقین میں 10,10 لاکھ روپے کی امدادی رقم پہلے ہی تقسیم کر چکی۔مجموعی طور 81 افراد کے لواحقین میں آٹھ کروڑ دس لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران 55 افراد زخمی اور 02 افراد معذور ہوئے۔سیلاب سے معذور ہونے والے افراد میں ایک ایک لاکھ روپے اور زخمیوں کو چالیس ، چالیس ہزار روپے مالی امداد فراہم کرے گی۔ترجمان کے مطابق سیلاب متاثرین کی بحالی پر 12 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرے گی ۔جامع سروے کہ بنیاد پر متاثرہ خاندانوں کو رقوم کی شفاف اور براہ راست فراہمی بذریعہ بینک آف پنجاب کی جائے گی ،امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل رواں ہفتہ میں شروع کیا جائے گا۔