رائے ونڈ(این این آئی)ریلوئے حکام کی بے حسی کی وجہ سے ایک اور تبلیغی کارکن موت کی آغوش میں چلا گیا ،اوور ہیڈ برج قائم نہ ہونے کے باعث ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے تبلیغی کارکن جان کی بازی ہار گیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے سابق دور حکومت میں رائے ونڈ جنکشن ریلوئے اسٹیشن کی عمارت کو کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر کروایا
جس کے ثمرات مسافروں تک نہ پہنچ پائے ،کئی سال گزرنے کے باوجود آج بھی ماڈل ریلوے اسٹیشن بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہے جس میں سب سے اہم مسئلہ اوور ہیڈ برج کا ہے۔ریلوئے حکام کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت کے باعث منگل کی صبح عبدالستار ولد کریم سکنہ شجا ع آباد ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے 2ڈائون خیبرمیل ایکسپریس تلے آکر جاں بحق ہو گیا ،واقعہ اوور ہیڈ برج نہ ہونے کے باعث واقعہ پیش آیا ،تبلیغی عمائدین نے ریلوئے حکام کی مجرمانہ غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوئے افسران رائے ونڈ جنکشن اسٹیشن کو جان بوجھ کر سہولیات سے محروم رکھے ہوئے ہیں ایسے عناصر کا محاسبہ کیا جائے جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اوور ہیڈ برج نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو روزانہ پلیٹ فارم نمبر 1سے ٹکٹ لیکر پلیٹ فارم نمبر 2پر جانا پڑتا ہے اس دوران انہیں ریلوئے لائنیں عبور کرنا پڑتی ہیں ایک طرف ریلوئے حکام کی جانب سے ریلوئے کراسنگ پر مقدمات کے اندراج کی مہم چلائی جارہی ہے تو دوسری جانب مسافروں کو متبادل سہولت فراہم نہ کرنے پر ہزاروں مسافر ریلوئے لائنیں عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔