اسلام آباد (آن لائن، این این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کی بندش کے معاملہ پر پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا رات گئے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پرویز خٹک، شیخ راشد شفیق، عامر کیانی کے وارنٹ لے لئے گئے ہیں، علی امین گنڈا پور اور ملک عامر ڈوگر کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسلام آباد ایئرپورٹ تک رینجرز، ایف سی اور وفاقی پولیس کا گشت پر مامور کیا جائے گا، اسلام آباد ائیر پورٹ تک روڈ بند کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ فیض آباد ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ ریڈ زون کے داخلی/خارجی راستے ایکسپریس چوک اور نادرا چوک سے ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ترجمان نے کہا کہ متبادل طور پر مارگلہ روڈ، ایوب چوک اور سرینا چوک استعمال کیا جا سکتا ہے،اسلام آباد کی باقی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ترجمان نے کہاکہ ٹریفک اپڈیٹ کی مزید معلومات کیلئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس ریڈیو ایف ایم 92.4 سنتے رہیں۔