لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں آئی جی پنجاب کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کر دیا گیا جبکہ اقدام قتل کے واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی سازش کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے کے بعد شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ جہاں گزشتہ روز پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس بھی ہوا ۔ اجلاس میں ڈاکٹرز نے عمران خان کے آپریشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں رہنمائوں نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ ہے۔ اجلاس نے آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور آئی جی کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس نے اقدام قتل کے اس واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی سازش کی مذمت کی اس ضمن میں سوشل میڈیا اور میڈیا میں مخصوص لوگوں کے بیانات اور ملزم کی ویڈیو لیکس کا بھی جائزہ لیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ ہر صورت میں جاری رہے گا۔