نئی دہلی (نیوز ڈیسک )بھارتی ریاست بہار میں فوجی اہلکاروں نے اپنی ضروریات اور مراعات کی کمی کے خلاف سڑکوں پر نکل کر مودی سرکار کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔11 دسمبر سے جاری اس دھرنے میں نہ صرف ریٹائرڈ بلکہ حاضر سروس فوجی اہلکار بھی شریک ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فوجیوں نے کہا کہ وہ اپنی شکایات اور مطالبات کئی بار حکومت کے سامنے رکھ چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، جس کے باعث انہیں احتجاج پر مجبور ہونا پڑا۔سوشل میڈیا پر بھی اس احتجاج کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔
بھارتی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سونو سنگھ شودر نے پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوجی آٹھ روز سے دھرنے پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت کا کوئی نمائندہ ان سے بات کرنے نہیں آیا۔ایک فوجی اہلکار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر مودی حکومت واقعی فوج کی عزت کرتی ہے تو پھر آج فوجیوں کو اپنی حکومت کے خلاف نعرے لگانے کی نوبت کیوں آئی ہے؟ ان کے بقول، الیکشن کے دنوں میں صرف وعدے کیے جاتے ہیں، لیکن مسائل حل نہیں ہوتے۔پٹنہ سمیت بہار کے مختلف شہروں میں فوجیوں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو یہ احتجاج جلد پورے بھارت میں پھیل جائے گا۔