اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اور حسن زاہد کے درمیان صلح ہو گئی ہے، تاہم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ملزم کی ضمانت کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم حسن زاہد کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواستوں پر آج سماعت ہونا تھی مگر مدعیہ سامعہ حجاب عدالت میں پیش نہ ہو سکیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود کی عدالت میں دونوں مقدمات کے حوالے سے درخواستیں دائر کی گئیں، جن پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
ذرائع کے مطابق سامعہ حجاب اور حسن زاہد کے درمیان باقاعدہ صلح ہو چکی ہے اور امکان ہے کہ سامعہ حجاب عدالت میں بیانِ حلفی جمع کروائیں گی۔ تاہم آج سماعت نہ ہونے کے باعث صلح نامہ ریکارڈ پر نہیں لایا جا سکا۔
یاد رہے کہ حسن زاہد کے خلاف تھانہ شالیمار میں اغوا، دھمکیوں اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ چند روز قبل سامعہ حجاب نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حسن زاہد نے انہیں زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج انسٹاگرام پر شیئر کی تھی اور ملزم کی تصویر بھی عوام کے سامنے لائی تھی۔
سامعہ حجاب کا کہنا تھا کہ حسن زاہد کئی دنوں سے انہیں ہراساں کر رہا تھا اور بار بار شادی کی پیشکش کر رہا تھا، جسے مسترد کرنے کے بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس سے قبل ان کی دوست ثنا یوسف بھی شادی سے انکار پر قتل ہو چکی ہیں، اس لیے انہیں اپنی جان کا خطرہ ہے اور وہ پولیس و حکام سے مدد کی اپیل کر رہی ہیں۔