اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں اگلے پندرہ روز کے لیے برقرار رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی مدت میں ایک مہینے کی توسیع کی جارہی ہے، اور اب ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 نومبر تک کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ دو ہفتے قبل جو ایل سیز رکی ہوئی ہیں، جن کی ادائیگیاں رکی ہوئی ہیں، وہ کیسز تقریباً 8 ہزار کے قریب تھے، میں نے اعلان کیا تھا کہ 50 ہزار ڈالر تک کی تمام ایل سیز اور ادائیگیوں کو جاری کر دیا جائے، میری اسٹیٹ بینک کے گورنر سیکل بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی، آج بھی ان سے مشاورت ہوئی۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ اس پر اسٹیٹ بینک کی رضامندی کے ساتھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے، اور 50 ہزار ڈالر تک کی ایل سیز کو ریلیز کیا تھا، جس سے 8 ہزار میں سے تقریباً 4 ہزار 400 کیسز کلیئر ہو گئے تھے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان منگل سے ایک لاکھ روپے تک کی تمام ایل سیز کو کلیئر کرنا شروع کردے گا، اس سے تقریباً 1365 مزید کیسز میں کمی آ جائے گی،اسٹیٹ بینک کو ان کی منظوری دے دی گئی ہے، اور منگل سے اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔