لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے شرکاء کی تعداد کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خفیہ اداروں کی رائے میں تضاد پایا گیا ہے۔ جمعہ کے روز لیبرٹی چوک گلبرگ سے لانگ مارچ کی روانگی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے خفیہ اداروں
کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لانگ مارچ کے آغاز کے وقت مارچ میں 9 سے 10 ہزار افراد شامل تھے جبکہ وفاقی حکومت کے اداروں کی رپورٹ میں لانگ مارچ کے شرکاء کی تعداد 5 سے 6 ہزار بتائی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق لانگ مارچ میں 22 ویگنیں، 3 مزدا ٹرک، 34لینڈ کروزر، 4 بسیں 19 کوچیز، 3 ٹریکٹر، 66 کاریں، 6 ٹرالے اور 20 ڈبل کیبن ڈالے شامل تھے جبکہ لانگ مارچ کی لمبائی صرف ڈیڑھ کلو میٹر علاقے پر محیط تھی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے لاہور سے اسلام آباد تک نکالے جانے والے لانگ مارچ کے لئے دو خصوصی کنٹینرز تیار کروائے ہیں۔ لانگ مارچ کے آغاز کے دوسرے روز تیار کیا گیا ایک کنٹینر راوی چوک اور دوسرا کنٹینر شاہدرہ موڑ پر کھڑا کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لئے زمان پارک سے راوی چوک پہنچے جہاں وہ کھڑے کنٹینر پر سوار ہو کر شاہدرہ چوک گئے اور شاہدرہ چوک پر عمران خان اپنی قیادت کے ہمراہ دوسرے کنٹینر پر سوار ہوگئے۔