پشاور ٗچارسدہ (آئی این پی ) پشاور میں ضمنی انتخابات کے دوران ماحول کشیدہ ہوگیا، پی ٹی آئی اور اے این پی کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔ اتوار کوپشاور میں ضمنی انتخابات کے دوران سٹی نمبر 1 شہید حسنین سکول میں بدنظمی کا واقعہ سامنے آ یا ۔
پی ٹی آئی اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے الزام لگایا ہے کہ اے این پی کے کارکن نے پی ٹی آئی کارکن کو زخمی کر دیا، پولیس نے دونوں کارکنان کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ جو اسمبلی نہیں جانا چاہتے وہ انتخاب میں حصہ کیوں لے رہے ہیں، عمران خان گھر میں آرام کریں۔ چارسدہ میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے کہا کہ پہلے سے طے تھا کہ الیکشن کے دن نکلووں گا،بیماری کی وجہ سے فعال کردار ادا نہ کر سکا،ضمنی انتخاب میں عوام نے اپنا نمائندہ منتخب کرنا ہے، انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ انہوں نے اسمبلی میں تو جانا نہیں پھرگھر میں آرام سے بیٹھنا چاہیے۔ اسفند یارولی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔