لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار 5 سال کے بعد آج وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ پاکستان پہنچیں گے۔اسحاق ڈار منگل کو بطور ممبر سینیٹ کے ساتھ وزیر خزانہ کا حلف اٹھائیں گے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن
میں اہم پارٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیاگیا،مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ قائد محمد نوازشریف کو پیش کیا۔ نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس کا موقف تھا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی۔قائد نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لئے نامزد کر دیا۔وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل،ملک محمد احمدخان اور احد چیمہ نے اجلاس میں شرکت کی۔علاوہ ازیں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 2 مرتبہ وزیر خزانہ کی حیثیت سے کام کرنا میرے لیے اعزاز ہے، پاکستان پائندہ بادآپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں نے اپنی بھرپور صلاحیت سےکام کیا، پارٹی اور ملک سےوفاداری نبھائی۔اس موقع پر نوازشریف نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پرمفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔