اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے تیاری پکڑنی ہے ہم مکمل تیار ہیں، اس بار آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال جدید طریقے سے کیا جائیگا۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان جیسے پاگل شخص سے بات ممکن نہیں، انہوں نے تیاری پکڑنی ہے ہم مکمل تیار ہیں۔وزیرداخلہ نے کہا کہ ریڈ زون احتیاط برتنے کے لئے سیل کیا تھا، کھول رہے ہیں، اور جب عمران خان آنے کا ارادہ ظاہرکریں گے تو دوبارہ سیل کردیں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ صوبوں سے پولیس فورس مانگی ہے، کسی نے پولیس نفری بھجوانے سے انکار کیا تو آئین کے تحت کارروائی ہوگی۔