کراچی (آئی این پی) ہالی ووڈ کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ انجلینا جولی سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور امدادی کام دیکھنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلینا جولی جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گی تاکہ وہ مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کو دیکھ سکیں جہاں 30 ملین سے زائد لوگ بے گھر ہیں اور 40 ارب ڈالر تک کا نقصان ہوا ہے۔ اداکارہ نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کوئی بات شیئر نہیں کی لیکن ذرائع کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان آنے کے لیے ویزا کے لیے درخواست دے دی ہے۔انجلینا جولی اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کی خیر سگالی سفیر بننے کے بعد بھی کئی بار ملک کا دورہ کر چکی ہیں۔انہوں نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2010 میں بڑے سیلاب کے بعد کیا تھا جس نے ملک کے کچھ حصوں کو تباہ کیا تھا۔اس سے پہلے بھی وہ پاکستان میں رہنے والے افغان مہاجرین کی دہائیوں سے جاری حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے تین بار ملک کا دورہ کر چکی ہیں۔