اسلام آباد (نیوز ڈٰیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے جش پور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر اپنے شوہر کو ہتھوڑے کے وار سے قتل کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق منگریتا نامی خاتون حال ہی میں ممبئی سے واپس اپنے شہر آئی تھیں۔ جھگڑے کے دوران انہوں نے اپنے شوہر سنتوش بھگت کو ہتھوڑا مار کر ہلاک کیا، بعد ازاں لاش کو کمبل میں لپیٹ کر سوٹ کیس میں بند کر دیا۔ قتل کے بعد منگریتا نے اپنی بیٹی کو فون کر کے واقعے کا اعتراف کیا اور پھر ممبئی فرار ہو گئی۔
پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔ واقعے کے دن بھی معمولی تنازعہ شدت اختیار کر گیا جس کے بعد منگریتا نے غصے میں آ کر اپنے شوہر کی جان لے لی۔تحقیقات کے مطابق، شوہر کو قتل کرنے کے بعد خاتون نے لاش چھپانے کے لیے اسے کمبل میں لپیٹا اور سوٹ کیس میں بند کر دیا۔ اس کے بعد بیٹی کو کال کر کے بتایا کہ ’’میں نے تمہارے والد کو مار دیا ہے اور لاش گھر میں سوٹ کیس کے اندر رکھی ہے۔‘‘ بیٹی اطلاع ملنے پر فوراً میکے پہنچی اور پولیس کو خبر دی۔پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو گھر میں رکھا سوٹ کیس کھولنے پر اس میں سنتوش بھگت کی لاش برآمد ہوئی، جس پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے۔واقعے کے بعد مقتول کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے ملزمہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔















































