لاہور( این این آئی)ایکسائز کی موٹر برانچز کے سافٹ وئیر کے ناقص سکیورٹی سسٹم کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیوں کے کوائف اور ملکیت تبدیل ہو گئی جس سے ایکسائز حکام بھی لاعلم ہیں،مختلف دفاتر میں اوقات کار کے بعد غیر متعلقہ افراد نے آئی ٹی ماہرین کی مدد سے انسپکٹرز
کا پاسورڈ استعمال کرکے درجنوں گاڑیوں کے مالکان کے شناختی کارڈ نمبر تبدیل کردیئے۔نجی ٹی وی کے مطابق ایکسائز کے آئی ٹی ماہرین کی عدم توجہ سے شہریوں کی لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیوں کا ڈیٹا غیر محفوظ ہوگیا،موٹربرانچزکا حساس سسٹم دفاتر کی بجائے غیر متعلقہ افرادایکسائزکے آئی ٹی ماہرین کی مدد سے استعمال کرنے لگے،موٹر برانچز ڈی ایچ اے اور باغبانپورہ میں انسپکٹروں کے پاسورڈ رات کے اوقات میں استعمال کرکے درجنوں گاڑیوں کے شناختی کارڈ نمبرتبدیل کردیئے گئے۔شناختی کارڈ کی تصحیح کی آڑ میں گاڑیوں کی ملکیت تبدیل کی گئی،پاسورڈ صرف متعلقہ کمپیوٹر کے الاٹ کئے جاتے ہیں اور دوسرے سسٹم پر کھولنے کیلئے آئی ٹی ہیڈ کی اجازت درکار ہوتی ہے۔متعلقہ انسپکٹرز نے پاسورڈ غلط استعمال ہونے پر ڈائریکٹر ایکسائز کوتحریری طور پر آگاہ کردیا،ڈائریکٹر نعمان خالد نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔