شارجہ، لاہور (این این آئی)پاکستان کے ہاتھوں ایشیا کپ کے اہم میچ میں شکست کے بعد افغانیوں کا دل ٹوٹ گیا۔ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر نا صرف فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا بلکہ افغانستان
اور بھارت دونوں کو فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا،پاکستان کو اس میچ میں فتح اور ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا جو نسیم شاہ نے آخری اوور میں دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر پورا کرلیا۔میچ سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے افغان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ اس میچ سے افغانستان کا دل ٹوٹ گیا ہے۔افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکانٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ آخری اوور میں ہماری ٹیم کے بولر فضل حق فاروقی نے لگا تار دو گیندوں پر دو چھکے کھائے جس کی وجہ سے پاکستان کو ایک وکٹ سے کامیابی ملی اور شکست افغانستان کے حصے میں آئی۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ افغانستان کی ہار سے بھارت کو بڑا افسوس ہوا ہوگا۔ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ اچھی چیز یہ تھی کہ پاکستان نے آخر تک لڑا۔انہوںنے کہاکہ افغانستان کی ہار پر بھارت کو بڑا افسوس ہوا ہوگا۔