کراچی(این این آئی)قومی سلامتی کے اداروں اور شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پر ناپسندیدہ مہم چلانے کے سلسلے میں ایک ملزم کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور دو سمز بھی برآمد کی گئی ہیں، ایف آئی اے سائبر کرائم
کراچی کے ہاتھوں گرفتار ملزم جنید علی ضلع غربی کا رہائشی ہے۔ملزم نے فیس بک اکاؤنٹ پر بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے پر ادارے اور سربراہ کے خلاف ہرزہ سرائی پر مبنی پوسٹ کی تھی۔ملزم نے اپنی پوسٹ میں واقعے کی ذمہ داری ایک ملک پر بھی عائد کی تھی۔پوسٹ میں ملزم نے واقعے پر میڈیا کے کردار کو بھی مطعون قرار دیا تھا۔ پوسٹ کے لیے استعمال کی گئی موبائل فون سم ملزم کی والدہ کے نام پر ہے۔ ملزم کو سوشل میڈیا پوسٹ کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فون سمیت اس کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ناپسندیدہ مہم کے لیے استعمال کی جانے والی دو موبائل نمبرز کی سم بھی ضبط کی گئی ہیں۔دوسری جانب بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل(ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین محمد اسلم خان فاروقی، سیکریٹری جنرل حکیم محمد شعیب قریشی، محب محمد اجمل و دیگر رہنماؤں نے ملک کے اہم و احساس اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹا، بے بنیاد اور جان بوجھ کر منفی پروپیگنڈہ کرنے والے چلڈرن اسپتال لاہور کے ملزم ڈاکٹر سعود کی گرفتاری کو وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کی کامیابی قرار دیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی احساس اداروں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنے کی ناکام کوشش
کرنے والوں کو نشانے عبرت بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام ملکی دفاع و فرائض کی ادائیگی پر اداروں کے افسر اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور اداروں پر تنقید کرنے والوں کو غدار اور قومی مجرم سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی اہم و احساس اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دشمن کے ایجنڈے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔