راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف کی زیرصدارت 250 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں خارجہ اور داخلی سیکیورٹی صورتحال پرتبادلہ، شدید سیلاب کی تباہ کاریوں اور جاری ریلیف کے کاموں پر غور کیا گیا جبکہ سربراہ پاک فوج جنر ل قمر جاوید باجوہ نے
تمام فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے سمیت ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہر متاثرہ شخص کی داد رسی یقینی بنائی جائے،متاثرین سیلاب کی مشکلات کم کرنے کے لئے تمام اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 250 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی، فورم کو ملک میں سیلاب کی صورتحال اور آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا جبکہ بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے بالخصوص کے پی اور بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی، شرکاء نے سیلاب کی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری ریلیف اور ریسکیو کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرین سیلاب کی مشکلات کم کرنے
کے لئے تمام اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جاری امدادی کوششوں کو سراہا اور آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہر متاثرہ فرد تک پہنچ کر اس کی داد رسی کی جائے۔