اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاہے کہ قائم مقام چیف جسٹس ہائی کورٹ کو انسانی حقوق کے تحفظ پر سبق سیکھنے کی ضرورت ہے،تشدد کے الزام میں بے حسی پر مایوسی کے اظہار کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ایک بیان میں
فواد چوہدری نے کہا کہ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بنیادی باتیں سمجھنے کی ضرورت ہے، قائم مقام چیف جسٹس کو انسانی حقوق کے تحفظ پر سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ تشدد کے الزام میں بے حسی پر مایوسی کے اظہار کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ تشدد کی حساسیت پر ریمانڈ دینے سے انکار پر مجسٹریٹ قابل تعریف ہے۔علاوہ ازیں فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر غلط بنیادوں پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا، اس کے خلاف ہائی کورٹ میں جانے کے لیے پہلے ضمانت لینا ضروری تھی جس کیلئے ہم پیش ہوئے اور ضمانت حاصل کی، انشا اللہ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں لے کر جائیں گے اور یہ ایف آئی آر منسوخ ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کا آخری مرحلہ شروع ہو چکا ہے، اگر اللہ کی مدد شامل حال رہی تو 10 ستمبر تک اس حکومت سے جان چھڑا لیں گے۔