اسلام آباد (این این آئی)چین کے قابل تجدید توانائی سلوشنز کے ادارے زونرجی نے صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں واقع بہاول وکٹوریہ ہسپتال کی مختلف عمارتوں میں چار سولر پاور پلانٹسنصب کردیئے۔گوادر پرو پرو کے مطابق 325 کلو واٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت
کے حامل پلانٹس کو چینی کمپنی نے حکومت پنجاب کے ساتھ اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) معاہدے کے تحت مفت نصب کیا ہے۔ ہسپتال کے بلڈ بینک میں 40 کلو واٹ کا سولر پاور پلانٹ لگایا گیا تھا، جو پورے ایریا کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ دیگر پلانٹس ایمرجنسی بلڈنگ اور کارڈیک اینڈ کڈنی سنٹرز میں لگائے گئے ہیں۔گوادر پرو پرو کے مطابق سولر پلانٹس میں سٹوریج کی سہولیات بھی ہیں، جو ہسپتال کے اہم شعبوں میں بجلی کی بندش کا مسئلہ حل کر دیں گی۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے پنجاب کے نسبتاً کم ترقی یافتہ علاقے میں ایک کلیدی ہسپتال میں پراجیکٹ کی تکمیل پر زونرجی کو تسلیم کیا ہے اور اسے سراہا ہے۔ گوادر پرو پرو کے مطابق زونرجی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اقدام کے تحت بہاولپور میں 300 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔ کمپنی 1.5 بلین امریکی ڈالر کی کل سرمایہ کاری کے ساتھ اس منصوبے کو 900 میگاواٹ تک توسیع دے گی۔ یہ منصوبہ 200,000 گھرانوں کی ضروریات کو پورا کرتا ہے اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے 3,000 ملازمتیں پیدا کیں۔ گوادر پرو پرو کے مطابق کمپنی کے سی ایس آر اقدام میں بہاولپور کی دو پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے لیے سالانہ انٹرن شپ پروگرام، دو ڈگری کالجوں میں سولر پاور پلانٹس (2025 کے وی) کی تنصیب، بھیلی ہائیر سیکنڈری اسکول ملتان میں 15 کلو واٹ کا سولر پاور پلانٹ،
بہاولپور اور ملتان کے دو ہسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس میں 5کے وی سولر پاور پلانٹ، بہاولپور اور ملتان کی دو یونیورسٹیوں میں سولر اور دیگر قابل تجدید توانائی ٹیکنالوجیز کی تربیت کے لیے دو ریسورس سینٹرز کا قیام، نشتر ہسپتال ملتان میں 180 کلو واٹ کے سولر پاور پلانٹ اور بہاولپور میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب شامل ہے۔