اسلام آباد (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو اگر جیل میں ڈالا گیا تو عوام حکمرانوں کا حشرنشر کردیں گے،بیوقوف حکمرانوں نے عمران خان کی سیاست کو زندہ کردیا ،آرمی چیف رانا ثنا اللہ کو لگام ڈالیں،
ملکی حالات 1971ء کی طرف جا رہے ہیں ،نہیں چاہتا ایسا ہو،شفاف الیکشن تمام مسائل کا حل ہے ، جب تک سر جوڑ کر نہیں بیٹھیں گے ملک کسی سے نہیں چلے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وسابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں لیکن وہ پورے ملک میں گھوم رہا ہے اور اسے انہیں کوئی خوف نہیں۔ عمران خان ان کے باپ سے بھی نہیں سنبھالا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عمران خان کو جیل میں ڈالنے کا شوق بھی پورا کرلیں لیکن اگر اسے جیل میں ڈالا گیا تو عوام ان کا حشرنشر کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بیوقوف حکمرانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے عمران خان کی سیاست کو زندہ کردیا ہے، یہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے اس پوزیشن پر نہیں تھے جس پر آج آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے اگر گئے تو انہیں انڈے اور ٹماٹر پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کیخلاف ریفرنس ضرور عدالت لے کر جائیں کوئی اعتراض نہیں لیکن فضل الرحمن جو جملے استعمال کر رہے ہیں اس کا انہیں نقصان ہوگا، انہیں نیست ونابود جیسے جملے استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ65سے 75فیصد عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، خیبرپختونخوا تو عمران خان کیساتھ کھڑا تھا ہی اب پنجاب بھی اس کے ساتھ ہے،کیا یہ عوام چور اور شرانگیز ہیں کہ ان کو مٹا دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل باجوہ صاحب کو کہتا ہوں رانا ثنا اللہ کو لگام ڈالیں، ہم نے لڑائی نہیں کرنی پرامن رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات 1971کی طرف جا رہے ہیں نہیں چاہتا ایسا ہو، جب تک سر جوڑ کر نہیں بیٹھیں گے ملک کسی سے نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہی وقت ہے ملک کو بحرانوں سے نکالیں، شفاف الیکشن تمام مسائل کا حل ہے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں میں ڈال دیا گیا ہے،
موجودہ حکمرانوں نے عمران خان کو غدار اور فارن ایجنٹ کہا جس پر دکھ ہوا، ان لوگوں نے خود اسامہ بن لادن کا مال کھایا ہے اور عمران خان پر الزام لگاتے ہیں، نواز شریف نے اسامہ سے پیسے لیے میں حلف دینے کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اب ان کو بلیک میل کرنے جا رہے ہیں جو سمجھتے تھے کہ یہ آئیں گے تو سب ٹھیک ہوگا۔ موجودہ حکمران 30اگست سے پہلے نواز شریف کی نااہلی کا کیس ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ پھر یہ الیکشن کرائیں۔