لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان نے پی ٹی آئی کے ایک رکن کے منحرف ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان سے ایم پی اے
میاں مسعود کی بولی لگ گئی ہے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 175 ارکان کی گنتی مکمل تھی،آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 187 ارکان مکمل ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ارکان بیماری یا شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے اجلاس میں نہیں پہنچے، جو رکن پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نہیں آیا انہوں نے ہمیں اعتماد میں لیا تھا۔دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، حسین الٰہی، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، ساجد احمد خان بھٹی، مراد راس، وسیم بادوزئی، حافظ عمار یاسر، محسن لغاری کے علاوہ نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی زین قریشی، عامر اقبال شاہ، سیف الدین کھوسہ، میجر (ر) غلام سرور، شبیر گجر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے نمبر گیم بارے پی ٹی آئی قیادت کو اعتماد میں لیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ الحمدللہ پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ کے پاس اکثریت ہے، ارکان اسمبلی کو اغوا یا ہراساں کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، رانا ثناء اللہ کے بیان کے بعد معاملہ اعلیٰ عدلیہ کے پاس لے کر گئے ہیں۔